معروف ادیب و ناول نگار انتظار حسین لاہور میں سپرد خاک

شائع 03 فروری 2016 01:52pm

لاہور:معروف ادیب و ناول نگار انتظار حسین کو لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم کی ادبی و صحافتی خدمات لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

لاہور کے نجی اسپتال میں معروف ادیب و دانشور انتظار حسین گزشتہ روز انتقال کرگئے۔ان کی نماز جنازہ شادمان لاہور میں قومی مرکز خواجگان میں ادا کی گئی۔جس میں دانشوروں،ادیبوں،شعراء اور صحافیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،ادیبوں اور شعراء حضرات کا کہنا تھا کہ وہ واحد شخصیت تھے،جو صحافت اور اردو ادب دونوں میں امتیازی مقام رکھتے تھے،ان کی کمی آنے والی صدیوں میں کبھی پوری نہیں ہوگی۔

اردو ادب سے تعلق رکھنی والی شخصیات کا کہنا تھا کہ مرحوم انتظار حسین کا شمار ان چند شخصیات میں ہوتا ہے،جن کی تصانیف کے کئی دوسری زبانوں میں ترجمے کئے گئے۔

دور حاضر کے ادیب و دانشور انتظار حسین کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا،لیکن ان کی تحریریں رہتی دنیا تک لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔

Read Comments