شائع 26 اپريل 2018 06:34am

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ امیتا اُڑگتا چل بسیں

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ امیتا اُڑگتا گزشتہ روز پھیپھڑوں کے عارضے کے باعث چل بسیں، وہ گزشتہ 4 روز سے ہسپتال میں داخل تھیں۔

اداکارہ کو سونی ٹی وی کے ڈرامے 'کچھ رنگ پیار کے ایسے بھی' میں دادی بوا کے کردار سے شہرت حاصل تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھارت کے سماجی ماحول کو اجاگر کرنے والے ڈرامے 'من کی آواز پِراتیگیا' میں بھی یادگار کردار ادا کیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق سینیئر اداکارہ پچھلے کچھ دنوں سے سخت بیمار تھیں جبکہ گزشتہ چار روز انہوں نے ہسپتال میں ہی گزارے۔

انہوں نے پرینیتی چوپڑا کی فلم 'ہنسی تو پھنسی' اور ایشوریا رائے کی فلم 'سربجیت' میں بھی کام کیا۔

انہوں نے اپنی آخری سانس گزشتہ روز ممبئی کے ہسپتال میں لی، اطلاعات کے مطابق ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

Read Comments