کیا سنجے اور مادھوری پرانا جادو جگا پائیں گے؟
رواں ہفتے انڈیا کی معروف کوریو گرافر سروج خان کا ایک ویڈیو پیغام دیکھا جس میں انھوں نے بالی وڈ میں مبینہ کاسٹنگ کاؤچ کا عجیب و غریب جواز پیش کیا۔ انھوں نے ویڈیو میں جس طرح کی زبان کا استعمال کیا وہ حیرت انگیز تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ کوئی نئی بات نہیں ہے اور کوئی نہ کوئی کسی نہ کسی کا فائدہ اٹھاتا رہتا ہے۔ یہاں تک تو سروج خان کی بات لوگوں کو ہضم ہوئی لیکن جب انھوں نے یہ کہا 'ہر لڑکی پر کوئی نہ کوئی ہاتھ صاف کرنے کی کوشش میں رہتا ہے انڈسٹری کم از کم روٹی تو دیتی ہے، ریپ کر کے چھوڑ تو نہیں دیتی' تو لوگوں کے صبر کا پیمانے جیسے لبریز ہو گیا ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے انھیں آڑے ہاتھوں لیا۔ ایک ایسے وقت میں جب انڈیا میں ریپ اور خواتین کو ہراساں کرنے کے حوالے سے شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے، لوگ بہتر قوانین اور کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، سروج خان کا یہ انداز اور بیان عجیب سی بے حسی کا اظہار لگتا ہے۔