غلط تکیے کے استعمال سے صحت پر ہونے والے 4 مضر اثرات
آپ کا تکیہ مختلف قسم کے جراثیم اور مردہ خلیات سے بھرا ہو سکتا ہے۔ یہ دونوں ہی چیزیں صحت کو متاثر کرنے کے لئے کافی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر تکیے کا سائز اور شیپ مناسب نہیں ہے تو یہ چیز بھی آپ کے آرام میں خلل ڈال سکتی ہے۔ بہت سے لوگ اس بات کو اہمیت نہیں دیتے کہ کیا وہ اپنے بستر اور تکیے کو صحیح طرح صاف رکھتے ہیں اور کیا وہ ایک مناسب تکیے کا استعمال کرتے ہیں۔ اگر آپ بھی صحت سے متعلق ان مسائل کا شکار ہیں تو آپ کو بھی اپنے تکیے کا معائنہ کرنے کی ضرورت ہے۔ کیل مہاسے اگر آپ کا چہرہ کیل مہاسوں سے متاثر ہے تو اس کی ایک وجہ آپ کے تکیے پر جمی گرد مٹی بھی ہوسکتی ہے۔ جلد کے ماہرین کے مطابق کیل مہاسوں کی ایک قسم جلد پر مختلف چیزوں کے چھونے اور رگڑ سے پیدا ہوتی ہے۔ اگر تکیے اور اس پر چڑھے غلاف کی باقعدہ اور مناسب صفائی نہ کی جائے تو ماحول کی گرد مٹی کے ساتھ ساتھ جلد اور بالوں کی چکنائی بھی اس پر جم جاتی ہے۔ ایسے تکیے کا استعمال اس گرد اور چکنائی کو واپس جلد میں منتقل کردیتا ہے جس سے کیل مہاسوں کی شکایت پیدا ہوتی ہے۔ پٹھوں کا درد لیٹنے اور سونے کے اطوار آپ کے پٹھوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کا تکیہ مناسب سائز کا نہیں ہے تو اس کا تعلق لیٹنے کے طریقے سے ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کروٹ سے لیٹنے کے عادی ہیں تو ایک اونچا تکیہ آپ کی گردن کو سہارنے کے لئے بہترین ہے۔ لیکن اگر آپ کمر کے بل لیٹتے ہیں تو آپ کو پتلا تکیہ استعمال کرنا چاہیئے تاکہ گردن غلط انداز میں نہ مڑے۔ گردن کے پٹھوں میں کھنچاؤ کا سبب حد سے ذیادہ اونچا تکیہ ہوتا ہے۔ غیر آرام دہ نیند اگر آپ گردن اور پٹھوں کے درد کا شکار ہیں تو اس بات سے آپ کی نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ لیٹنے کے باوجود بے آرامی محسوس ہونا بھی تکیہ صحیح نہ ہونے کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔ خراب اور غیر مناسب تکیے کا استعمال آپ کے جسم اور ذہن کے بھرپور آرام لینے میں رکاوٹ بنتا ہے۔ اس لئے آپ پورا دن تھکن میں مبتلا رہتے ہیں۔ تکیہ صحیح حالت میں ہے اس بات کا جائزہ لینے کے لئے تکیے کو دو حصوں میں موڑ دیں۔ اگر تکیہ سیدھا ہو کر واپس اپنی شکل میں آجائے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ابھی صحیح حالت میں ہے۔ ایلرجی تکیہ گرد اور دھول مٹی کا جمع ہونے کی جگہ ہو سکتا ہے۔ اس گرد اور دھول مٹی سے آپ مختلف قسم کی ایلرجیز کا شکار ہوسکتے ہیں۔ سینے میں جکڑن، سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں خارش، چھینکیں اور گلے میں خراش کا سبب تکیے کے اندر بھری دھول مٹی ہوسکتی ہے۔ اس مسئلے کے لئے ہائپوایلرجینِک تکیے استمال کئے جاسکتے ہیں جو خاص طور پر ایلرجی کا شکار افراد کے لئے بنائے گئے ہیں۔ Thanks to TheSun