تائی پے:تائیوان کے جنوبی حصے میں شدید زلزلے سے تائینان شہر میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں کررہی ہیں ، چین نے بھی تائیوان کو امداد کی پیشکش کی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق تائیوان کے جنوبی حصے میں آج علی الصبح چھ اعشاریہ چار شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔۔زلزلے کے جھٹکے تین سو کلومیٹر دور دارالحکومت تائی پے میں بھی محسوس کئے گئے ،شہرتائینان میں کئی بلند وبالا عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ریسکیوعملہ ملبے تلے افراد پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کررہا ہے۔
تائیوان حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے ، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زلزلہ انتہائی خوفناک تھا۔ میں نے اپنی آنکھوں سے عمارت کو زمین بوس ہوتے دیکھا ہے، بہت خطرناک لمحہ تھا، پہلے عمارت کا ایک حصہ گرا پھر دیکھتے دیکھتے پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔
تائیوان کے صدر ماینگ جیئو نے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ہے اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔چین نے تائیوان کی حکومت کو مشکل کی اس گھڑی میں امداد کی پیشکش کی ہے۔