ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدیدسرد رہنے کا امکان

شائع 13 دسمبر 2015 08:18am

اسلام آباد:ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے منفی گیارہ درجے گرگیا محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہورہاہے۔ بالائی علاقوں میں بھی خون جمادینے والی سردی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک رہا۔ آئندہ تین سے چارروزتک بارش کا کوئی امکان نہیں۔ تاہم مالاکنڈ،گلگت بلتستان اورکشمیرمیں مطلع جزوی طورپرابرآلود رہنے کی پیشگوئی کردی گئی ہے۔

پنجاب، پشاوراورسکھرمیں رات اورصبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ آج سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی،جہاں درجہ حرارت منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات اوراستورمیں منفی دس ڈگری سینیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Read Comments