عید الفطر کے موقع پر بھارتی فلموں کی نمائش پر لگائی گئی دو ہفتوں کی پابندی میں نرمی کرکے ایک ہفتہ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر وفاقی حکومت نے 24 مئی کو بھارتی فلموں کی نمائش پر دو ہفتوں کی پابندی عائد کی تھی جسے اب کم کرکے ایک ہفتہ کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سنٹرل بورڈ آف فلم سنسر دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ مقامی فلمی صنعت اور سہولیات کی نمائش کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ عید الفطر اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھارتی فلموں کی نمائش پر عائد کردہ پابندی کو دو ہفتے سے کم کرکے ایک ہفتہ کردیا جائے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے عائد کی گئی پابندی میں ترمیم کچھ بااثر گروپس کی وجہ سے کی گئی۔ یہ گروپس مقامی سینما انڈسٹری پر اثر انداز ہیں۔
بھارتی فلموں کی نمائش ہمیشہ سے ہی پاکستان میں ایک اہم موضوع رہا ہے۔ ایک طرف سینما مالکان اس کے حق میں دکھائی دیتے ہیں جبکہ دوسری جانب فنکار اسے مقامی انڈسٹری کے لئے زہر قاتل کی حیثیت قرار دیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگتی اور ہٹتی رہتی ہے۔