گورنر کے پی کے سردارمہتاب احمدخان کا استعفیٰ منظور

شائع 08 فروری 2016 10:50am

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف نے گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے صدر مملکت کو بھجوا دیا، خاندانی ذرائع کہتے ہیں سردار مہتاب پارٹی سے اختلاف پر نہیں بیماری کے باعث مستعفی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ منظوری کیلئے وزیراعظم نواز شریف کو بھجوایا تھا جس کے بعد آج انہوں نے وزیراعظم سے اسلام آباد میں طویل ملاقات کی اوراستعفیٰ منظور کرنے کیلئے وزیراعظم کو راضی کر لیا۔

وزیراعظم نے سردار مہتاب کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے صدر کو منظوری کیلئے بھجوا دیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار مہتاب گورنرشپ چھوڑ کر وفاق اور صوبے کی سیاست میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار مہتاب بیماری کے باعث گورنر کی ذمہ داریاں سر انجام نہیں دے سکتے،واضح رہے کہ سردار مہتاب احمد خان دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث نجی اسپتال میں زیر علاج بھی رہے ہیں۔

Read Comments