لاہور ہائیکورٹ: تیزاب پھینکنے والے مجرمان کی اپیل مسترد

شائع 08 فروری 2016 01:25pm

لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے خواتین پر تیزاب پھینکنے والے مجرمان کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ کے رو برو مجرم کاشف اور ارشد کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے گواہان کے بیانات میں تضادات کے باوجود انہیں سزا سنا دی ہے،لہٰذا عدالت کی جانب سے دی گئی چودہ چودہ سال قید کی سزا کالعدم قرار دی جائے۔

سرکاری وکیل خرم خان نے عدالت کو بتایا کہ مجرم کاشف ایک لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا،مگر انکار پر اس نے دیگر تین خواتین پر بھی تیزاب پھینک دیا،جبکہ تیزاب کاری سے متاثرہ چاروں خواتین نے مجرمان کی شناخت بھی کی ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد مجرمان کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں۔ واضح رہے کہ ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد نے دوہزار بارہ میں جرم ثابت ہونے پر چودہ چودہ سال قید کی سزا سنائی تھی۔

Read Comments