بولی وڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف ان دنوں اپنی آنے والی میگا بجٹ فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں اپنی فلموں کے انتخاب کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا ہے۔
غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلسل ناکام فلموں کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' کی کامیابی سے کترینہ کو یہ بات سمجھ آگئی کہ انہیں کس طرح کے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف کی زیادہ تر وہ ہی فلمیں کامیاب ہوئی ہیں جن میں انہوں نے خود سے بڑی عمر اور کامیاب اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہو۔ اس لیے اب انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ نوجوان اداکاروں کے ساتھ اسکرین پر رومانس نہیں کریں گی۔
ایک رپورٹ کے مطابق کترینہ کیف نے 2016 اور 2017 میں ریلیز ہونے والی اپنی تمام ناکام فلموں اور 'ٹائیگر زندہ ہے' کی کامیابی کے بعد یہ طے کرلیا ہے کہ اب وہ صرف بڑے اداکاروں یعنی سلمان، شاہ رخ اور عامر خان جیسے اداکاروں کے ساتھ ہی کام کریں گی۔
کترینہ کا مزید کہنا ہے کہ اگر انہیں انتہائی شاندار اسکرپٹ کی حامل فلم میں نوجوان اور قدرے نئے اداکار کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ اس پر ضرور سوچیں گی۔
کترینہ کی آخری کامیاب فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' تھی جس میں وہ سلمان خان کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئی تھیں۔ جب کہ ان کی آنے والی 2 فلمیں 'ٹھگز آف ہندوستان' اور 'زیرو' میں وہ شاہ رخ خان اور عامر خان کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئیں گی۔
اس کے علاوہ وہ ڈانس رومانٹک فلم 'اے بی سی ڈی 3' میں خود سے عمر میں چھوٹے اداکار ورون دھون کے ساتھ رومانس کرتی دکھائی دیں گی۔
کترینہ کیف کی 2017 میں رنبیر کپور کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم 'جگا جاسوس' بھی فلاپ گئی تھی، جب کہ 2016 کی فلمیں 'فتور' اور 'بار بار دیکھو' بھی بری طرح ناکام ہوئی تھیں۔
رپورٹس سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی زیادہ تر وہ فلمیں ہی کامیاب رہی ہیں جن میں انہوں نے کنگ خان، دبنگ خان اور مسٹر پرفیکشنسٹ جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہو۔