کراچی میں نااہلی کی وجہ سے دس کروڑ گیلن سے زائد پانی ضائع

شائع 13 دسمبر 2015 02:08pm

کراچی کے بیشتر علاقے جہاں پینے کے پانی سے محروم ہیں وہیں کراچی واٹر بورڈ کی نااہلی کی وجہ سے دس کروڑ گیلن سے زائد پانی ضائع ہو گیا، واٹر بورڈ کی پھٹنے والی لائن سے نکلنے والا پانی ابھی تک سڑکوں پر کھڑا ہے ۔

یونیورسٹی روڈ پر واقع عزیز بھٹی پارک کے عقب میں واٹر بورڈ کی چوراسی انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ جانے سے علاقے میں جمع ہونے والا پانی تاحال نہیں نکا لا جا سکا، علاقہ مکینوں اور جامعہ اردو میں امتحان دینے آنے والے طلبا شدید مشکلات سے دوچار دکھائی دئے۔

بلدیہ کراچی اور واٹر بورڈ کا عملہ سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کےلئے کوشش کر رہا ہے۔ واٹر بورڈ حکام کے مطابق سائفن مین ٹرنک لائن انیس سو اٹھاون میں ڈالی گئی تھی جس سے سی او ڈی فلتر پلانٹ کو پانی فراہم کیا جاتا تھا ، لائن کی مرمت کی جا رہی تھی ، اس دوران زیادہ پریشر کے باعث لائن پھٹ گئی۔

واٹر بورڈ کے مطابق لائن کی مرمت میں دو روز درکار ہونگے جبکہ اس دوران جمشید ٹاﺅن ، اولڈ کلفٹن ، ڈیفنس ، لیاری ، شیر شاہ ، پاک کالونی ، لیاقت آباد ، ناظم آباد ، کورنگی اور محمود آباد کے علاقوں میںپانی کی فراہمی جزوی طور پر بند رہے گی جبکہ سڑکوں پر جمع پانی آج رات تک کلیئرکر دیا جائے گا۔

Read Comments