اپ ڈیٹ 07 جولائ 2018 07:31am

نواز شریف کی سزا پر عروہ اور ماورہ بھی بول اٹھیں

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارائیں عروہ حسین اور ماورہ حسین نے نواز شریف کو ملنے والی سزا پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسی صورت میں آگے بڑھ سکتے ہیں جب ہم کرپٹ لوگوں کو سزا دیں گے۔

گزشتہ روز ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سامنے آیا جس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 10 سال، ان کی بیٹی مریم نواز کو 7 سال اور ان کے داماد کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے فیصلہ سنانے کے بعد عروہ حسین نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسی صورت میں آگے بڑھ سکتے ہیں جب ہم کرپٹ لوگوں کا احتساب کریں اور انہیں سزائیں دیں۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں نیا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے۔   ماورہ حسین نے بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو ملنے والی سزا پر خوشی کا اظہار کیا۔ ماورہ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں نواز شریف کو ملنے والی سزا کو پاکستان کے عظیم دنوں کے آغاز سے تعبیر کیا اور اسے نئے پاکستان کی بنیاد قرار دیا۔  

ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب ان کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے 'اب صرف عمران خان' کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔ انہوں نے اس فیصلے کو بالکل درست قرار دیا ہے۔

یاد رہے دونوں اداکار بہنیں اعلانیہ تحریک انصاف کی حمایت کرتی رہی ہیں۔  سنہ 2014 میں بھی عمران خان نے جب دھاندلی کے خلاف دھرنا دیا تو انہیں کراچی میں ہونے والے دھرنوں میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت کرتےدیکھا گیا تھا۔

Read Comments