پشاور: تاجر رہنما کے قتل کے بعد شہر کے تجارتی مراکز بند

شائع 09 فروری 2016 05:04pm

پشاور:پشاور کے قصہ خوانی بازار میں فائرنگ سے تاجر رہنما حاجی حلیم جاں بحق ہو گئے جس کے بعد قصہ خوانی بازار سمیت شہر کے بیشتر تجارتی مراکز کو بند کر دیا گیا۔تاجرون نے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حکومت کو تین دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔

پشاور میں قصہ خوانی بازار میں نامعلوم شخص نے تاجر رہنما حاجی حلیم جان پر فائرنگ کردی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے، حاجی حلیم جان کو تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے،تاجر رہنما کی ہلاکت کی خبر آتے ہی تاجر تنظیموں نے قصہ خوانی بازار سمیت شہر کے بیشتر تجارتی مراکز اور بازار بند کر دیئے۔

تاجر تنظیموں نے حاجی حلیم جان کے قتل کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حکومت کو تین دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔

ادھر پولیس اور حساس اداروں نے ہوٹلوں اور مکانوں پر چھاپے مار کرغیر ملکی سمیت متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

Read Comments