ڈاکٹر عاصم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

شائع 09 فروری 2016 05:41pm

کراچی:احتساب عدالت نے کرپشن کے الزامات میں گرفتار سابق وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، ڈاکٹر عاصم کو جیل میں بی کلاس فراہم کی جائے گی۔

نیب اہلکاروں نے ڈاکٹر عاصم کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔تفتیشی افسر ضمیر عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے اختیارات کے ناجائزہ استعمال، زمینوں پر قبضے اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے تفتیش کرنی ہے لہذا ملزم کو مزید سات روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے۔

ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے تفتیشی افسر کی درخواست کی بھرپور مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش افسر پہلے تین مرتبہ جسمانی ریمانڈ لے چکے ہیں لہذا مزید ریمانڈ نہ دیا جائے۔

عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو بائیس فروری تک کے لیے جیل بھیج دیا۔پیشی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے چند رہنما بھی ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کے لیے پہنچے۔

رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ وہ ان کی خیریت دریافت کرنے آئے تھے۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو جیل میں بی کلاس فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔

Read Comments