پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم آئے روز خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ انسٹاگرام پر کافی عرصے بعد اپنے پرستاروں کے ساتھ ہلکی پھلکی گفتگو کی اور ان کے سوالات کے جوابات دئیے۔
اس گفتگو کے دوران ایک مداح نے ان سے پلاسٹک سرجری کے حوالے سے بھی سوال پوچھ لیا۔ مداح نے سوال کیا کہ 'جسم کے کس حصے کی پلاسٹک سرجری کروانے پر آپ کو پچھتاوا ہے؟' اس کا جواب فریال نے اس قدر معصومیت سے دیا کہ اس پر کوئی بھی یقین کرنے کو تیار نہیں۔
گزشتہ چند سالوں کے دوران فریال مخدوم کے لُک میں کچھ حیرت انگیز تبدیلیاں نظر آئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے مبینہ طور پر پلاسٹک سرجری کا شاخسانہ قرار دیا جاسکتا ہے تاہم جب ان سے اس حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا 'خوش قسمتی سے میں نے کبھی پلاسٹک سرجری کروائی ہی نہیں'۔
فریال مخدوم کی جانب سے یہ جواب سنتے ہی سوشل میڈیا صارفین کو خاصی حیرانی ہوئی۔ جس کے بعد انہوں نے فریال کی ڈھیروں تصاویر ڈھونڈ نکالیں جن میں ان کی ماضی کی شکل و صورت کا آج کی شکل و صورت سے موازنہ کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کی منگنی سے لے کر سنہ 2012 میں انجام پانے والی شادی اور بعد کی بھی متعدد تصاویر سامنے پیش کردیں ان تصاویر میں فرق نمایاں ہے کہ ان کا چہرہ گزشتہ کچھ سالوں میں مسلسل تبدیل ہوا ہے۔
اس تمام تر صورتحال کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان سے یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ اگر انہوں نے کبھی پلاسٹک سرجری نہیں کروائی تو ان کے ہونٹ پہلے کی نسبت اتنے موٹے اور ناک اتنی باریک کیسے ہو گئی۔ تاہم فریال کی جانب سے ان تمام سوالوں کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔