رواں برس دنیا سے کوچ کرنے والی بولی وڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور نے ان پڑھ ہونے کا اعتراف کرلیا۔
جھانوی کپور کی پہلی بولی وڈ فلم 'دھڑک' آج 20 جولائی کو ریلیز ہورہی ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جھانوی کپور اور ان کے مقابل مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار ایشان کھتر نے اعتراف کیا ہے کہ وہ دونوں ان پڑھ ہیں اور آج تک کبھی کالج نہیں گئے۔
یہ بات تو آپ کے علم میں بھی ہوگی کہ فلم اور تعلیمی میدان میں زیادہ گہرا رشتہ نہیں ہے اور اس انڈسٹری پر حکمرانی کرنے والے زیادہ تر اداکار تعلیمی میدان میں خاصے پیچھے نظر آتے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بولی وڈ کے کئی اداکار جیسے کرینہ کپور خان، عامر خان، دپیکا پاڈوکون، کاجول اور کترینہ کیف وغیرہ اپنی فلمی مصروفیات کے باعث تعلیمی میدان میں خاصے پیچھے رہ گئے۔
بولی وڈ کے ان پڑھ اداکاروں کی اس فہرست میں اب مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ دنوں ایک بھارتی صحافی نے ان نوجوان اداکاروں کا ایک اسکول کی کلاس میں انٹرویو لیا۔ اسکول کا ماحول دیکھ کر جھانوی کپور کچھ پریشان نظر آئیں اور کہنے لگیں کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے امتحان دینے آئی ہوں۔ اس موقع پر ایشان کھتر کا کہنا تھا کہ ہم کبھی نہیں چاہتے کہ دوبارہ کلاس روم میں بیٹھیں۔
21 سالہ نوجوان اداکارہ نے اپنی تعلیمی قابلیت کے حوالے سے بتایا کہ وہ بارہوں کلاس میں پڑھ رہی تھیں لیکن کبھی کالج نہیں گئیں، انہوں نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ شدید ان پڑھ ہیں۔ جبکہ ایشان کھتر نے بتایا کہ انہوں نے صرف اے لیول مکمل کیا ہے جس کے بعد پڑھائی سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا اور وہ کیا جو میں چاہتا تھا۔