بولی وڈ کے بھائی جان سلمان خان کی کئی فلموں کے سیکوئل بن چکے ہیں اور اب یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ ان کی کامیڈی فلم ریڈی کا پہلا سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
یہ بات گزشتہ کچھ عرصہ سے دیکھی جارہی ہے کہ بولی وڈ میں آج کل نئی فلموں کے بجائے پرانی ہی فلموں کے سیکوئل بنانے کو ہی ترجیح دی جارہی ہے اور اس ضمن میں کامیڈی فلموں کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ مداحوں کی جانب سے ایسی فلموں کو کافی پذیرائی دی جاتی ہے اور بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ آج ہاؤس فل، گول مال اور دھمال ایک کامیاب فرنچائز بن چکی ہیں جب کہ سلمان خان بھی اس ڈگر پر چل پڑے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انیس بزمی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ریڈی کی کامیابی کے بعد اب اس فلم کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس خبر کی تصدیق فلمساز بھوشن کمار نے بھی کردی ہے۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ فلم کا سیکوئل بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے انیس بزمی اور سلمان خان سے بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ سنہ 2011 میں بننے والی اس فلم میں مرکزی کردار ادا آسن نے نبھایا تھا اور سیکوئل کے لئے بھی انہیں ہی کاسٹ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انیس بزمی کا کہنا ہے کہ وہ فلم ریڈی کے سیکوئل کو لیکر کافی خوش ہیں اور اس پر کام کرنے کے لئے مزید انتظار نہیں کرسکتے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پروڈیوسر اور ہمارے درمیان فلم کو لیکر کافی گفتگو بھی ہو چکی ہے لیکن فلم کی تاریخ، شوٹنگ اور دیگر معاملات کو سلمان خان کی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی طے کیا جائے گا۔
واضح رہے سنہ 2011 میں 40 کروڑ کی لاگت سے بننے والی فلم ریڈی میں سلمان خان کے مد مقابل آسن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم نے پورے بھارت میں 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔