سرگودھا،میانوالی:ٹریفک حادثات،4 افراد جاں بحق

شائع 11 فروری 2016 08:29am

سرگودھا:سرگودھا اور میانوالی میں مختلف ٹریفک حادثات میں چار افراد جاں بحق جبکہ بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب ننکانہ صاحب ٹریفک حادثے کے مزید تین زخمیوں کی ہلاکت کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد سولہ ہوگئی۔

میانوالی میں کالا باغ روڈ پر تریخیل کے قریب بنوں سے لاہور جانیوالی مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکراگئی۔تصادم کے باعث تین افراد موقع پر جاں ب حق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔جنہیں فوری طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔ خوشاب میں بھی شاہ پور چیک پوسٹ کے قریب دو مسافر بسوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور بیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب ننکانہ صاحب میں گذشتہ روز پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے مزید تین زخمی بھی آج صبح دم توڑ گئے۔جاں بحق ہونیوالے تینوں افراد کو حادثے کے فوری بعد فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں لایا گیا تھا،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔تاہم ڈاکٹرز کے مطابق الائیڈ ہسپتال میں زیر علاج گیارہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔

Read Comments