بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ‘میں نے پیار کیا’ میں اپنا ڈیبیو کرنے والی اداکارہ بھگیاشری پٹوردھن نے کے بیٹے نے فلمی دنیا میں قدم رکھ دیا۔
بھگیاشری کو اپنی ڈیبیو فلم میں ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ‘فلم فیئر ایوارڈ فار بیسٹ فی میل ڈیبیو’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ تاہم اب ان کے بیٹے ابھیمانیو دیسانی نے بھی فلم 'مرد کو درد نہیں ہوتا' کے ذریعے بطور اداکار فلمی دنیا میں قدم رکھا دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وہ بھارتی ڈرامے کی معروف اداکارہ رادھیکا مدن کے مخالف اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگیاشری کے بیٹے ابھیمانیو کا کہنا ہے کہ فلمی گھرانے سے تعلق ہونے کے باوجود کام حاصل کرنے کے لئے اپنی ماں کا نام استعمال نہیں کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ والدین نے ہمیشہ ان تمام چیزوں سے دور رکھا ہے، مجھے یہاں کوئی بھی نہیں جانتا اور خوش ہوں کہ میں نے اپنے بلبوتے پر پہلی فلم حاصل کی ہے۔
ابھیمانیو کا مزید کہنا ہے کہ میں نے اپنی پہلی فلم کے حصول کے لئے آڈیشنز کے 30 مراحل طے کئے ہیں اور ٹاپ ٹین لسٹ میں شامل ہونے کے بعد سب کو معلوم ہوا تھا کہ میں اداکارہ بھگیاشری کا بیٹا ہوں۔
بہرحال اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ فلمی دنیا میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔