بولی وڈ کے مشہور و معروف اداکار ہریتک روشن کا کنگنا رناوت کے بعد ایک اور اداکارہ کے ساتھ ایک اور سکینڈل سامنے آگیا۔ اطلاعات کے مطابق ہریتک کا اداکارہ دیشا پٹانی کے ساتھ اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ ہریتک روشن اور 'باغی 2' کی مرکزی اداکارہ دیشا پٹانی یش راج بینر تلے بننے والی فلم میں ایک ساتھ کام کررہے تھے جہاں ہریتک نے اداکارہ کے ساتھ فلم کے سیٹ پر نزدیکیاں بڑھانے کی کوشش کیں۔
ایک صحافی نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ہریتک کے نامناسب رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹائیگر شروف کی مبینہ گرل فرینڈ دیشا پٹانی نے فلم سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔
تمام تر صورتحال سامنے آنے کے بعد دیشا پٹانی نے میڈیا میں گردش کرنے والی ان افواہوں پر خاموشی توڑدی، انہوں نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہریتک بہت ہی باوقار اور خوش رہنے والے انسان ہیں۔
جبکہ دوسری جانب ہریتک روشن نے ان کے خلاف افواہیں پھیلانے والے صحافی کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آپ جِم جوائن کرلیں تاکہ ورزش کرنے سے آپ کے دماغ میں موجود کچرا صاف ہوجائے۔