شائع 07 ستمبر 2018 01:15pm

کچھ غلطیوں کے نتائج ساری زندگی بھگتنا پڑتے ہیں، وینا ملک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ وینا ملک کا کہنا ہے کہ انسان کی صورت سے زیادہ سیرت خوبصورت ہونی چاہیئے، یہی کسی انسان کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بہت خوبصورت چہرے موجود ہیں مگر اب میرا دل کسی خوبصورت چہرے کے لئے نہیں دھڑکتا۔

تفصیلات کے مطابق ماضی میں بھارت کے متنازع ریالٹی شو بگ باس میں حصہ لینے والی اداکارہ وینا ملک کا کہنا تھا کہ زندگی میں ہر انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں، جن میں سے کچھ کا مداوا ہوجاتا ہے جبکہ کچھ کے نتائج ساری زندگی بھگتنا پڑتے ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی موجودہ زندگی سے بڑی مطمئن ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں غلطیاں کی ہیں مگر اب ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھاتی ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عقلمند انسان وہی ہوتا ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھے، اور میں نے بھی اپنی ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھتاوے کے احساس سے بچنے کے لئے مستقبل کے تمام فیصلے بڑے سوچ سمجھ کے ساتھ کروں گی۔

Read Comments