سندھ اسمبلی: کرایہ کے گھروں پر سیلز ٹیکس کا بل منظور

شائع 15 فروری 2016 05:29pm

کراچی:سندھ اسمبلی نے کرایہ کے گھروں پر سیلز ٹیکس و صول کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا جبکہ ایم کیوایم کے ارکان نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت طوفان بدتمیزی بپا ہوا جب سینئر وزیر نثار کھوڑو نے سندھ سیلز ٹیکس ترمیمی بل دوہزار پندرہ ایوان میں پیش کیا۔ایم کیو ایم ارکان کے شدید احتجاج کے دوارن بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے بل کی شدید مخالفت کی۔

معاملہ مزید گرم ہوا تو نوبت ایک دوسرے پر الزام تراشیوں تک جاپہنچی۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار نے پیپلزپارٹی کے خلاف خوب بھڑکے۔ اپوزیشن لیڈر کی جوشیلی تقریر نے صوبائی وزراء کو آگ بگولہ کردیا۔خواجہ اظہار اور نثار کھوڑو کے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی پر اسپیکر نے بھی دونوں کو مفت مشورہ دے ڈالا۔اس شور شرابے کے دوران اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

Read Comments