پاکستان کے مختلف شہروں کی مشہورسوغاتیں۔۔۔

اپ ڈیٹ 17 فروری 2016 10:16am

ویسے تو پاکستان میں کئی ایسی چیزیں اور مقامات ہیں جن کی وجہ سے ہمارا ملک پوری دنیا میں شہرت رکھتا ہے لیکن آج ہم آپ کو جن چیزوں کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں وہ یقیناََ سننے اور پڑھنے والوں کے منہ میں پانی لے آئیں گی۔ پاکستان کے مختلف شہروں کی مختلف چیزیں اپنے منفرد ذائقے کے اعتبار سے کافی شہرت رکھتی ہیں جن میں سے کچھ کا آج ہم زکر کریں گے۔

لاہورکا چرغا

ویسے تو لاہور کھانے پینے کی چیزوں کے حوالے سے کافی مشہور ہے مگر وہاں کا چرغا پورے پاکستان میں بہت مشہور ہے لاہور کے چرغے میں منفرد مصالحہ جات کا ستعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس کا ذائقہ نہایت لذیز ہوجاتا ہے۔ اس کے کھانے والے اپنی انگلیاں تک چاٹنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

خان پور کے پیڑے

خان پور کے پیڑے پاکستان کے شہروں کی سوغاتوں میں سے ایک ہے اور لوگ کئی دہائیوں سے کافی شوق سے اسے کھاتے اور دوسرے شہروں میں لے کر جاتے ہیں یہ اپنے منفرد ذائقے اور لذت کی وجہ سے پورے پاکستان میں کافی شہرت رکھتے ہیں اور جس نے بھی انہیں ایک بار کھایا ہو دوبارہ اسے کھانے کی خواہش ضرور رکھتا ہے۔

ملتان کا سوہن حلوہ

ملتان کا سوہن حلوہ پورے پاکستان یہاں تک کے دوسرے ممالک میں بھی کافی شہرت رکھتا ہے۔جب کوئی بھی شخص کسی دوسرے شہر سے ملتان کا سفر کرتا ہے تو وہ لازمی سوہن حلوہ کھاتا بھی ہے اور اپنی دوستوں اور احباب کے لئے لے کر بھی جاتا ہے ملتان کے سوہن حلوے کی خوشبو اتنی خوبصورت ہوتی ہے کہ کھائے بغیر نہیں رہا جاتا۔

شکار پور کا اچار

شکار پور کا اچار پورے پاکستان میں سب سے زیادہ مشہور ہے اور یہ شکار پور سے تمام بڑے شہروں میں پہنچایا جاتا ہے لوگ اسے کافی شوق سے کھاتے ہیں اور اس کی کھٹاس اور ذائقے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

حیدر آباد کی ربڑی

حیدر آباد کی ربڑی کا نام سن کر ہی ہمارے منہ میں پانی آنا شروع ہوجاتا ہے کیونکہ اس کا ذائقہ اتنا زبردست ہوتا ہے کہ کھانے والا کھاتا ہی چلاجاتا ہے اور پھر بھی اس کی نیت نہیں بھرتی۔اس کو تیار کرنے کے لئے نہایت بہترین اجزاء کا چناؤ کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس کا ذائقہ دوبالا ہوجاتا ہے۔

Read Comments