قومی احتساب بیورو وزیراعظم کی رائے کا احترام کرتا ہے،ترجمان نیب

شائع 17 فروری 2016 05:02pm

اسلام آباد:وزیراعظم کے بیان پر جہاں سیاسی میدان میں بیان بازی سے ہلچل مچی ہے وہیں، نیب نے بھی بیان جاری کرکے ادارے کی پوزیشن واضح کردی۔ ترجمان نیب کا کہنا ہے قومی احتساب بیورو ایک آزاد ادارہ اور وزیراعظم کی رائے کا احترام کرتا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر نیب کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ترجمان نیب کا کہنا ہے قومی احتساب بیورو وزیراعظم کی رائے کا احترام کرتا ہے۔حکومت کی عدم مداخلت کی پالیسی کی وجہ سے نیب آج ایک آزاد ادارہ ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کچھ خامیاں ورثے میں ملی تھیں،دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیراعظم کی تجاویز کی روشنی میں احتسابی عمل کو مزید بہتربنائیں گے۔چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے بھی ملک سے کرپشن کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا نیب کے قیام کا مقصد کرپشن کی روک تھام اور لوٹی گئی دولت واپس لینا ہے۔

ملتان کے ریجنل ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے موقع پر،انہوں نے کہا نیب آرڈیننس کا اطلاق فاٹا اور گلگت بلتستان میں بھی ہوتا ہے۔

Read Comments