نیب سرمایہ کاروں کوہراساں کررہا ہے،رانا ثنااللہ

شائع 18 فروری 2016 07:35am

لاہور:وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کہتے ہیں نیب سرمایہ کاروں کو ہراساں کر رہا ہے، اس طرح چلتا رہا تو ایک دن ہم اور چوکیدار رہ جائیں گے۔ نیب کا وزیراعظم کے بیان پر مثبت ردعمل خوش آئند ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راناثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے نیب حکام کو کارکردگی درست کرنے کے حوالے سے تجاویز دیں۔ جس پر نیب کا مثبت ردعمل خوش آئند ہے۔ وزیرقانون پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی سیاست دان کیخلاف تحقیقات سے نیب کو نہیں روکنا چاہتی۔لیکن پچیس سال پرانے مقدمات میں سیاستدانوں اور صنعتکاروں کو مجرموں کی طرح بلانا درست نہیں۔ نیب کی طرف سے سرمایہ کاروں کو اسی طرح ہراساں کیا جاتا رہا تو ایک دن ہم اور چوکیدار رہ جائیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کو دس سال جیل میں رکھ کر بھی انکے خلاف کوئی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔تاہم اب نیب اس مقدمہ سے کیا نکالے گی۔ایک سوال کے جواب میں وزیرقانون پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کراچی جیسے حالات نہیں اور نہ ہی کسی بڑے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی فورسز اپنا کام کررہی ہیں۔

Read Comments