بھارتی ہائی کمشنر کے پالیسی بیان کو نوٹ کرلیا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

شائع 18 فروری 2016 12:50pm

اسلام آباد:دفترخارجہ کا کہنا ہے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کو پاکستان بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات سے منسلک نہ کرنے کے بھارتی ہائی کمشنر کے پالیسی بیان کو نوٹ کرلیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا کہتے ہیں اس بیان کے بعد خارجہ سیکریٹریوں کے مذاکرات کی تاریخ جلد طے کی جانی چاہیے۔

ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کودنیا کے ہر فورم پر اٹھایا ہے۔جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلبا کا ہنگامہ اس تسلسل میں ہوا جس کے تحت کشمیریوں نے کبھی بھی افضل گورو کی پھانسی کو قبول نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کو پٹھان کوٹ واقعہ سے منسلک نہ کرنے کا بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کے پالیسی بیان کو نوٹ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار ملکی رابطہ گروپ افغان طالبان اور حکومت کو مذاکرات کی میز پر لانا چاہتا ہے۔امید ہے کہ افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات رواں ماہ کے آخر میں شروع ہوجائیں گے۔ترجمان نے کہا کہ روسی صدر پیوٹن اگر پاکستان آئے تو بھرپور استقبال کیا جائے گا۔ترجمان نے واضح کیاکہ دہشت گردی کے خلاف سعودی اتحاد کو خوش آئند قرار دیا تھا۔ماہرین کی سطح کی مشاورت کے بعد اس اتحاد میں پاکستان کے کردارکا فیصلہ اپنے مفادات کو مدنظر رکھ کرکیا جائے گا۔

Read Comments