پی آئی اے ہڑتالی ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

شائع 20 فروری 2016 05:55am

اسلام آباد:پی آئی اے انتظامیہ نے ہڑتالی ملازمین کے گرد شکنجہ کس دیا، مظاہرین کے خلاف ایکشن کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ہڑتالی مظاہرین کے خلاف شواہد اکھٹے کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے احتجاجی ملازمین کے خلاف تین مرحلوں میں کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں اور رہنماؤں کے خلاف کاروائی کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ہڑتال میں فعال کردار کرنے والے ملازمین اور تیسرے مرحلے میں دھرنے میں شریک پی آئی اے ملازمین کے خلاف کاروائی ہوگی۔

ہڑتالی ملازمین کی شناخت اور ان کے خلاف شواہد کے حصول کے لیے ہیڈ آفس کے باہر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سمیت الیکٹرونک میڈیا کی فوٹیج سے بھی مدد لی جائے گی، انتظامیہ نے سوا دو سو سے زائد احتجاجی ملازمین کو لازمی سروس ایکٹ کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹسز کا اجرا کیا ہے، بتیس ملازمین نے بہتر گھنٹوں کے دیے گئے وقت کے دوران نوٹسز کے جوابات جمع نہیں کرائے جن میں سے انجینیرنگ ڈیپارٹمنٹ کے چھ ملازمین کو گذشتہ روز نوکری سے برخاست کیا جا چکا ہے۔

Read Comments