کیپ ٹاؤن: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جارہی 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا فیصلہ کن معرکہ آج کھیلا جارہا ہے جس میں اب تک پاکستان نے 21 اوورز میں32 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز اسکور کرلئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن معرکے کا ٹاس جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے جیتا اور پہلے مہمان ٹیم کوبیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی اوپنر امام الحق اننگز کی ابتداء میں ہی اپنے اور ٹیم کے انفرادی اسکور 8 رنز پر ڈیل اسٹین کا شکار بنے۔ امام کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اور فخر نے اننگز کو سنبھالا اور اسکور کو آگے بڑھایا۔ 64 کے مجموعے پر بابر اعظم 25 رنز بنا کر ڈین پروٹیریئس کا شکار بنے۔
بابر اعظم کے بعد محمد حفیظ نے فخر زمان کو جوائن کیا تاہم یہ دونوں بھی بڑی شراکت داری بنانے میں ناکام رہے، محمد حفیظ 17 رنز بنا کر فیلوکوائیو کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔
اس وقت فخر زمان نصف سینچری اسکور کرکے وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ان کا ساتھ کپتان شعیب ملک دے رہے ہیں۔
واضح رہے ہاشم آملہ نے 20 کے انفرادی اسکور پر رباڈا کی گیند ہر سلِپ میں فخر زمان کا کیچ ڈراپ کیا تھا جبکہ فخر کو فیصلہ کن معرکوں میں زبردست اننگز کھیلنے والا بلے باز مانا جاتا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا فخر زمان آج کے فیصلہ کن معرکے میں بھی اپنی روایت کو دوہرائیں گے یا نہیں۔
5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 2-2 سے برابر ہے۔