لاہور : شاہدرہ، ریل گاڑی کا انجن پٹڑی سے اتر گیا

شائع 23 فروری 2016 05:05pm

لاہور :لاہور میں شاہدرہ اسٹیشن کے قریب ریل گاڑی کا انجن پٹڑی سے اتر گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اڑھائی گھنٹے بعد ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے بحال کر دیا گیا۔

لاہور میں شاہدرہ اسٹیشن کے قریب کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کا انجن پٹری سے اتر گیا تاہم حادثے میں کوئی جانی تقصان نہیں ہوا۔ متبادل انجن کے ذریعے ٹرین کو ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا جبکہ متاثرہ انجن کو کرین کی مدد سے پٹری پر ڈالا گیا اور اڑھائی گھنٹے بعد ٹریک بحال کردیا گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار کم تھی جسکی وجہ ٹرین کی بوگیاں پٹری سے نہیں اتریں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔جائے وقوعہ پر موجود لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ ریل ٹریک پرانا اور خستہ حال ہونے کی وجہ سے جادثہ پیش آیا۔ اگر حکومت نے اس مسئلے کی طرف فوری توجہ نہ دی تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جائیں گی۔

Read Comments