کراچی :تین ملزمان نوے روز کے ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے

شائع 24 فروری 2016 02:11pm

کراچی :انسداد دہشتگردی عدالت نے لسانی جماعت سے تعلق رکھنے والے تین گرفتار ملزمان کو نوے روزہ تحویل میں رینجرز کے حوالے کر دیا۔ رینجرز کے مطابق ملزمان بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تربیت یافتہ ہیں۔

رینجرز نے تین مبینہ ٹارگٹ کلرز۔ ناصر عرف کھجی ، فہیم عرف مرچی اور ریاض عرف لکڑ کو انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج جسٹس محمد فاروق شاہ کے روبرو پیش کیا ، جہاں عدالت نے ملزمان کو نوے روزہ تحویل میں رینجرز کے حوالے کر دیا۔

رینجرز کے کرنل شاہد نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ تینوں ملزمان کا تعلق لسانی جماعت سے ہے جنہوں نے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تربیت حاصل کر رکھی ہے ۔رینجرز کے مطابق ملزمان کراچی سے براستہ کولمبو اور بینکاک دہلی پہنچے ، جہاں انہیں ہریانہ اور دیرہ دون کے علاقوں میں اسلحہ چلانے اور بم بنانے کی تربیت دی گئی۔

رینجرز کے مطابق تینوں ملزمان قتل ، اقدام قتل سمیت بم اور راکٹ حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں ، جبکہ ملزمان پرماضی میں کی گئی ہڑتالوں کے دوران فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلانے اور جبری بھتہ وصولی کے بھی الزامات ہیں۔

Read Comments