وزیراعظم آج قومی صحت پروگرام کا افتتاح کرینگے

شائع 25 فروری 2016 04:59am

مظفرآباد:وزیراعظم محمد نواز شریف آج مظفر آباد آزاد کشمیر میں قومی صحت پروگرام کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف آج مظفر آباد آزاد کشمیر میں قومی صحت پروگرام کا افتتاح کریں گے، جس سے مظفرآباد کے82 ہزار 362 اور کوٹلی کے سات ہزار نو سو چار خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کا افتتاح گزشتہ سال 31 دسمبر کو وزیراعظم نے اسلام آباد میں کیا تھا،اس پروگرام سے وہ غریب خاندان مستفید ہوسکیں گے جن کی یومیہ آمدن 2 ڈالر (دو سو پاکستانی روپے) سے کم ہے، ان خاندانوں کی مختلف بیماریوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔

فی خاندان کو سالانہ 3 لاکھ روپے سے 6 لاکھ تک روپے فراہم کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں پاکستان میں 23 اضلاع تک اس پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

Read Comments