ممبئی:ددوہزار سولہ بولی وڈ کیلئے خاص خوشیاں لے کر نہیں آیا،سال کی شروعات میں ہی بہت سی معروف جوڑیوں کی علیحدگی کی خبریں منظر عام پر آئیں جن میں فرحان اختر ، ارباز اور ملائکہ کی جوڑی بھی شامل ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سال کی شروعات میں ہی ارباز اور ملائکہ کی سترہ سالہ رفاقت کے ختم ہونے کی خبر نے پوری بھارتی انڈسٹر ی کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
ان کے بارے میں یہاں تک سننے میں آیا تھا کہ ملائکہ بولی وڈ اداکار ارجن کپور کے ساتھ تعلقات کے باعث اپنا گھر چھوڑ کر اپنے چودہ سالہ بیٹے آرہان کے ساتھ اپنی بہن امریتا اروڑا کے گھر جا کر رہنے لگی ہیں۔
دونوں اداکاروں کی جانب سے ان افواہوں کی تردید نہیں کی گئی اور نہ اس حوالے سے کوئی بیان سامنے آیا،لیکن اب ارباز خان نے خاموشی توڑتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کو دوسروں کی زندگی میں مداخلت کرنے کا بہت شوق ہوتا ہے ۔
وہ لوگوں کو چین سے رہنے نہیں دیتے میں ان تمام لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمارے رشتے کے بارے میں غلط افواہیں پھیلانا بند کریں۔ میں اور ملائکہ ساتھ رہ رہے ہیں اور ہم دونوں کے درمیان کوئی علیحدگی نہیں ہوئی ہے۔