لاہورمیں فیکٹری زمین بوس،20 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

شائع 05 نومبر 2015 06:12am

لاہور میں چار منزلہ فیکٹری زمین بوس ہوگئی۔ ملبے تلے دب کر بیس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے دستے بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ پنجاب حکومت نے جاں بحق مزدوروں کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور کے علاقے سندرانڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکڑی کی چار منزلہ عمارت زوردار دھماکے سے زمین بوس ہوگئی، ہرطرف چیخ و پکار سنائی دینے لگی۔ عینی شاہدین نے بتایا واقعے کے وقت فیکٹری میں بچوں سمیت دو سو کے قریب ملازمین موجود تھے۔فیکٹری میں کام کرنے والے بچے نے بتایا کہ حالیہ زلزلے سے عمارت کے ستون بیٹھ گئے تھے، دراڑیں پڑی ہوئی تھیں، چھت سے سیمنٹ اور چونا گرنا شروع ہو گیا تھا، فیکٹری مالک کو اس حوالے سے بتایا گیا تھا لیکن انہوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔لاہور کیتمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ اب تک چھہتر زخمیوں کواسپتال پہنچا دیا گیا۔ اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی وزیر رانا مشہود نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا،انہوں نے کہا امدادی کاموں کیلئے تمام تر وسائل مہیا کردیے ہیں، پہلی ترجیحی بچے ہوئے مزدوروں کو زندہ نکالنا ہے۔وزیراعلٰی شہبازشریف نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی، اور جاں بحق مزدوروں کے ورثاء کو پانچ پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Read Comments