شائع 27 فروری 2016 05:41pm

اٹھاسی ویں آسکر ایوارڈ کا میلہ کل سجے گا

لاس اینجلس:اٹھاسی ویں آسکر ایوارڈ کا میلہ کل سجے گا،تیاریوں کا سلسلہ آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔پاکستانی ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کی ڈاکومنٹری فلم بھی آسکر کی دوڑ میں شامل ہے۔فلم دی ریوینینٹ بھی بارہ نامزدگیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

اٹھاسیویں آسکر ایوارڈ کا میلہ سجنے میں ایک دن باقی رہ گیا۔لاس اینجلس میں تیاریوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔آسکر کے میلے میں آنے والے مہمانوں کے لیے ریڈ کارپٹ تیارکیا جارہا ہے اور لائٹنگ کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

آسکر کی دوڑ میں پاکستانی ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کی غیرت کے نام پر بننے والی آ گرل ان دا ریور بھی شامل ہے۔فلمی ایوارڈ کے سب سے بڑے میلے میں اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کی فلم دی ریوینینٹ بارہ نامزدگیوں کے ساتھ سرفہرست ہے،جو یہ میلہ لوٹ سکتی ہے۔

آسکر کے لیے نامزد ہونے والے فنکاروں کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں انہوں نے بھرپور جلوے دکھائے۔

آسکرایوارڈ میں قسمت کی دیوی کس پر مہربان ہوگی اور کون میلہ لے اڑے گا اس کا پتہ اتوار کو چل جائے گا۔

Read Comments