راولپنڈی :فوج دہشتگردی کیخلاف آخری حد تک جائیگی ،راحیل شریف

شائع 28 فروری 2016 02:19pm

راولپنڈی :ملک کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کیپٹن عمیر سمیت پاک فوج کے شہید جوانوں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی،جنرل راحیل شریف کہتے ہیں پاک فوج دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے آخری حد تک جائے گی۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دوران شوال میں شہید ہونے والے کیپٹن عمیر،حوالدارحکیم اور حمید کی نماز جنازہ کور ہیڈ کوارٹرز پشاورمیں ادا کی گئی،نمازجنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، قائم مقام گورنر، کور کمانڈر پشاور سمیت سول اور فوجی حکام نے شرکت کی،جبکہ سپاہی رشید کی میت ڈیرہ غازی خان بھجوادی گئی ہے جہاں ان کی نماز جنازہ اور تدفین ہوگی۔

اس موقع پر کور کمانڈر نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو شوال میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پیشرفت کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی۔جنرل راحیل شریف نے غمزدہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں نے اپنی جان قربان کر دی مگر دہشتگردوں کو بھاگنے نہیں دیا

جنرل راحیل شریف نے ملک بھر سے دہشت گردوں کے خاتمے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان سرحد سمیت دہشتگردوں کا ہر ٹھکانہ نیست و نابود کر دیا جائے گا،پاک فوج دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے آخری حد تک جائے گی۔

Read Comments