پنجاب کے مختلف شہروں میں اے پی ایس کے شہداءسے اظہار محبت

شائع 15 دسمبر 2015 01:13pm

لاہور:لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آرمی پبلک سکول کے شہداءسے اظہار محبت کے لیے سکولوں کے بچوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں،جن میں دہشتگردوں سے نمٹنے کا عزم اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

لاہور میں نجی سکول کی جانب سے شہدائے سانحہ پشاور کی یاد میں ریگل چوک سے چیئرنگ کراس چوک تک ریلی نکالی گئی۔جس میں سکول کے طلباءسمیت سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ریلی کے شرکاءنے دہشتگردی کے خلاف نعرے بازی کی۔

فیصل آباد میں گمٹی چوک سے ریلوے روڈ تک واک کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں مختلف سکولوں کے بچوں،اساتذہ اور ٹریفک وارڈنز نے شرکت کی۔اور اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بچوں کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے پاس اگر تلوار ہے تو انکے پاس قلم کی طاقت ہے۔دہشتگرد بزدلانہ کارروائیاں کرکے ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی او کمپلیکس سے شہباز چوک تک ریلی نکالی گئی اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

Read Comments