کراچی:پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کی انتہائی خفیہ پھانسی نے جہاں پورے ملک کے لوگوں کو حیرانی میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار بھی خاموش نہیں رہ سکے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ممتاز قادری کی پھانسی کے حوالے سے پیغام دیا ہے کہ ممتاز قادری کو پھا نسی دینے سے یہ کیس تو بند ہو گیا لیکن کوئی یہ بتائے کہ دیگر واقعات میں ملوث مجرمان کو پھانسی کب دی جائے گی۔
حمزہ علی عباسی نے سلمان تاثیر کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر توہین رسالت کے قانون کی کسی شق پر تنقید کرنا توہین رسالت ہے تو پھر اسلامی نظریاتی کونسل کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی بھی واجب القتل ہیں کیونکہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے توہین رسالت کے قانون پر نظر ثانی کرنے کی بات کہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کسی تین افراد کا نا م بتا دیجئے جنہیں پاکستان میں کرپشن،زیادتی یا قتل کے جرم میں پھانسی کی سزا دی گئی ہو۔