ایم کیو ایم نے وسیم اختر کو میئر نامزد کر دیا

شائع 15 دسمبر 2015 05:02pm

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ نے سینئر رہنما وسیم اختر کو کراچی کا میئر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وسیم اختر تین بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔

وسیم اختر پر پاک فوج کے خلاف عوام کو مبینہ طور پر اکسانے کا مقدمہ درج ہے، اور وہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف مقدمہ میں نامزد ملزم بھی ہیں۔

وسیم اختر خان 25 نومبر 1955 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔رام پور سے تعلق رکھنے والے گھرانے میں آنکھ کھولنے والے وسیم اختر نے ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ میں ڈگری لینے کے بعد 1988 میں سیاست کے میدان میں قدم رکھا۔

وسیم اختر 1990، 93 اور 97 کے عام انتخابات میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔اکتوبر 2002 کے انتخابات کے لیے وسیم اختر کو ٹکٹ نہیں ملا۔تاہم جب حکومت میں شامل ہوئی تو مشیر بلدیات کا قرعہ وسیم اختر کے نام نکلا۔کچھ عرصے بعد قلمدان تبدیل ہوا اور سانحہ 12 مئی 2002 کے وقت وسیم اختر مشیر داخلہ تھے۔2008 اور 2013 کے انتخابات میں وسیم اختر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

ایم کیو ایم نے مشکل وقت میں وسیم اختر کو میئر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وہ اپنی ذمہ داریاں کس طرح نبھائیں گے، یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

Read Comments