چوہدری شوگر ملز کیس:مریم نواز کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار

شائع 08 اگست 2019 11:10am

لاہور: نیب لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کر لیا۔

اپنے والد سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچنے والی مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو نیب لاہور نے گرفتار کر لیا۔

 چوہدری شوگر ملز کیس میں تحقیقات کیلئے مریم نواز اور ان کے کزنز یوسف عباس اور عزیز عباس کو نیب لاہور نے آج سہ پہر 3بجے طلب کر رکھا تھا۔

تاہم ان کی نیب آفس میں پیشی سے قبل ہی نیب ٹیم نے مریم نواز اور یوسف عباس کوٹ لکھپت جیل کے احاطے سے گرفتار کر لیا۔

اکتیس جولائی کو مریم نواز اور ان کے کزن چوہدری شوگر ملز کیس میں تحقیقات کیلئے پیش ہوئے اور انہیں سوالنامہ بھی جاری کیا گیا جس کا جواب جمع کروانے کیلئے انہیں آج ایک بار پھر پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔

 نیب حکام نے مریم نواز اور یوسف عباس کی چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے، دونوں کو کل جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔

Read Comments