سانحہ بلدیہ:نئی جے آئی ٹی رپورٹ عدالت میں پیش

شائع 05 مارچ 2016 04:56pm

#کراچی:سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کی نئی جے آئی ٹی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حماد صدیقی نے عبدالرحمان کے ذریعے فیکٹری مالکان سے بیس کروڑ روپے بھتہ مانگاتھا، عدالت نے ملزم منصور احمد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

کراچی کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج مقبول میمن کی عدالت میں تفتیشی افسرساجد سدوزئی کی جانب سے نئی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی گئی،رپورٹ میں ایم کیو ایم کے حماد صدیقی، عبدالرحمان عرف بھولا ، علی حسن قادری اور ڈاکٹر عبدالستار سمیت 8 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، تفتیشی افسر کا عدالت میں کہنا تھا کہ بلدیہ فیکٹری مالکان سے بیس کروڑ روپے بھتہ مانگا گیا تھا، یہ بھتہ حماد صدیقی نے ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کے ذریعے مانگا گیا تھا۔

ملزم رضوان نے ان باتوں کے انکشافات پہلی جے آئی ٹی میں بھی کیے تھے، عدالت میں سرکاری وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ نئی جے آئی ٹی کے تناظر میں دوبارہ سانحہ بلدیہ کا مقدمہ درج کروایا جائے، عدالت نے تفتیشی افسر سے پہلی جے آئی ٹی رپورٹ طلب کی، جس پر ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ پہلی جے آئی ٹی رپورٹ محکمہ داخلہ کے پاس ہے ۔

عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس کا نیا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت بائیس مارچ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے فیکٹری مالکان کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست بھی منظورکرلی۔

Read Comments