پنجاب :اے پی ایس شہداء کی یاد میں تقریبات کا انعقاد

اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2015 05:47am

لاہور سمیت پنجاب بھر میں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں آج مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جارہاہے۔ لاہور شہر میں سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کیلئے ٹریفک روک دی جائے گی۔

آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں لاہور شہر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہر بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور ایک منٹ کیلئے ٹریفک روک دی جائے گی۔ شہر کے مختلف چوراہوں پر قومی ترانہ بجایا جائے گا جس کیلئے ساوٴنڈ سسٹم نصب کردئیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام لاہور گیریژن میں شہدائے پشاور کی یاد میں تقریب ہوگی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب ایوان اقبال میں مرکزی تقریب سے خطاب کریں گے۔ لاہور، فیصل آباد،گوجرانوالہ،ملتان،سرگودھا اور دیگر شہروں میں بھی شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

آج شام مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے مختلف شہری تنظیمیں شمعیں روشن کرکے شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کریں گی۔

Read Comments