لاہور:پاکستان کی معروف پلے بیک سنگر مالا بیگم کی چھبیس ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ مالابیگم نے وقت کے نامور موسیقاروں کی دھنوں کو اپنی آواز کے جادو سے امر کردیا۔
نو نومبر انیس سو انتالیس کو فیصل آباد میں پیدا ہونے والی معروف گلوکارہ مالا بیگم کا اصلی نام نسیم نازلی تھا۔ انہیں بچپن سے ہی موسیقی کا شوق تھا۔انیس سو پچاس کی دہائی میں مالا اپنی بڑی بہن شمیم نازلی کے ساتھ موسیقی کی دنیا میں اپنے نام کی شمع روشن کرنے لاہور آئیں۔ جہاں انہوں نے اپنی مدھر آواز کے سحر سے زمانے کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔
مالا بیگم نے انیس سو باسٹھ میں پہلی اردو فلم سورج مکھی میں اپنے فن کا جادو جگایا۔ مالا کے عروج کا دور انیس سو چونسٹھ سے انیس سو اکہتر تک رہا جس دوران انہوں نے بہت بڑی تعداد میں اعلیٰ پائے کے گیت گائے۔
اٹھارہ سالہ کیریئر میں مالا بیگم نے چھ سو سے زائد فلموں کے لیے سینکڑوں گیت گائے، اپنے وقت کے نامور گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے والی مالا بیگم چھ مارچ انیس سو نوے کو اس جہاں فانی سے رخصت ہوگئیں۔