فیصل آباد میں مزدوروں نے مالکان کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں

شائع 07 مارچ 2016 06:26pm

فیصل آباد:فیصل آباد میں پاورلومز پر کام کرنے والے مزدوروں نے مشینوں کی صفائی کے معاملے پر مالکان کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں اور ڈی سی او آفس کے باہر دھرنا دے دیا۔

فیصل آباد میں پاور لومز مزدوروں اور فیکٹری مالکان کے درمیان مشینوں کی صفائی کروانے پر معاملات تاحال حل نہ ہوسکے۔ مزدوروں نے اپنے بچوں سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالیں اور ڈی سی او آفس کے باہر دھرنا دیا۔
مزدوروں کا کہنا ہے کہ پاور لومز مالکان ان سے زبردستی مشینوں کی صفائی کروانا چاہتے ہیں اور ان کے انکار پر پچھلے ایک ماہ سے پاور لومز مالکان نے فیکٹریاں بند کر رکھی ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔

مزدوروں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی بار بار کی یقین دہانیوں کے بعد بھی ابھی تک ان کے جائز مطالبات پورے نہیں ہوسکے اور انہوں نے مطالبات منظور ہونے تک احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔

Read Comments