خصوصی عدالت کی جانب سے 31مارچ کوپرویزمشرف کی طلبی

شائع 09 مارچ 2016 06:10am

اسلام آباد:خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدرپرویزمشرف کو بیان قلمبند کرانے کیلئے اکتیس مارچ کوطلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق خصوصی عدالت میں آئین شکن ملزم پرویز مشرف پر جاری سنگین غداری کیس میں ایک بار پھر عدالت میں طبی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی کوشش کی گئی جسے فوراً رد کردیا گیا۔

عدالت نے ملزم پرویز مشرف کو اکتیس مارچ کوذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ تین سو بیالیس کے تحت بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیا تو ملزم کی قانونی ٹیم نے بھی قانون کے احترام کی یقین دہانی کرادی۔

قانونی ماہرین سمجھتے ہیں کہ مقدمے میں ملزم کی پیشی ہو یا خرابی صحت کا بہانہ،قانون کومساوات کا کلیہ اپنانا ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ملزم قبل ازیں بھی عدالتوں میں حاضری سے گریزاں اورطبی مسائل میں پردہ نشین رہے ہیں تاہم تازہ عدالتی حکم پر سنجیدگی دکھا نا ہوگی۔

ماہرین قانون سوال اٹھاتے ہیں کہ پرویز مشرف عدالتی حکم پر اکتیس مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گے یا پھر کوئی طبی سرٹیفکیٹ آڑے آ جائے گا۔

Read Comments