جنید جمشید کو دنیا سے رخصت ہوئے 3برس بیت گئے
کراچی :معروف نعت خواں جنید جمشید کو دنیا سے رخصت ہوئے 3برس بیت گئے، جنید آج ہی کے دن طیارہ حادثے میں دنیا سے کوچ کرگئے تھے۔
سات دسمبر 2016ء کو جنید جمشید بھی پی آئی اے کےاس بدقسمت طیارے میں سوار تھے جو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے تھے حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔
اس سانحے کے نتیجے میں طیارے کے عملے سمیت 48 افراد جاں بحق ہوئے تھے،52 سالہ جنید اپنی اہلیہ کے ہمراہ چترال میں تبلیغی دورے کے بعد اسلام آباد جا رہے تھے۔
حویلیاں طیارہ حادثےمیں جہان فانی سے کوچ کرنے والوں میں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔
انیس سوستاسیء میں ریلیز ہونے والے گیت ’’دل دل پاکستان‘‘ نے خاص طور پر جنید جمشید کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا ان کے بینڈ کو پاکستانی ‘پنک فلوائڈ’ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا تھا بعد ازاں وائٹل سائنز کے فرنٹ مین کے طور پر چار اسٹوڈیو البمز کی کامیابی کے بعد انہیں اپنے سولو کیریئر میں بھی خاصی شہرت حاصل ہوئی ۔
جنید نے 80 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن پر ملی نغمہ گایا تو ہر شخص گنگنانے پر مجبور ہوگیا،1994 میں جنید جمشید نے موسیقی سے کنارہ کشی اختیار کی اور خود کو دین اسلام کی تبلیغ کے لیے وقف کردیا۔
پوری زندگی سرکار دوعالم کو گلہائے عقیدت پیش کرتے رہےاور ہمیں ‘محمد کا روضہ قریب آرہا ہے’ اور ‘میرا دل بدل دے’ جیسی خوبصورت نعتیں سننے کو ملیں۔
سال 1999ء میں ریلیز کی گئی ان کی دوسری سولو البم کے کئی گیت اُس دور کے سپر ہٹس میں شامل ہیں تاہم 2002ء میں اپنی چوتھی اور آخری پاپ البم کے بعد اسلامی تعیلمات کی جانب ان کا رجحان بڑھنے لگا اور ماضی کے پاپ اسٹار ایک نعت خواں کے طور پر ابھرتے نظر آئے،مختصر وقت گزار کر جنید جمشید ایک خوبصورت زندگی کی بڑی مثال چھوڑ گئے ۔
