پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا تو بنی گالہ میں بھی لنگر خانہ کھول دیں۔
مریم اورنگزیب نے یہ ردِ عمل وزیر اعظم کے گزشتہ روز کے بیان پر دیا۔
وزیر اعظم نے گزشتہ روز تاجروں سے ایک تقریب کے دوران خطاب میں کہا کہ گھر کا خرچہ خود چلاتا ہوں۔ جو مجھے تنخواہ ملتی ہے اس سے میرے گھر کے خرچے پورے نہیں ہوتے۔
سوال یہ ہے کہ کیا وزیر اعظم پاکستان کی تنخواہ اتنی قلیل ہے کہ ان کے گھر یلو اخراجات پورے نہیں ہوتے۔
میڈیا پر وائرل وزیر اعظم کی پے سلپ اس سوال کا جواب ہے۔
سلپ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی بیسک سیلیری 1لاکھ 7ہزار 280روپے ہے۔ جبکہ انہیں سمپچؤری الاؤنس کی مد میں 50ہزارروپے، ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں 21،456روپے، ایڈہاک الاؤنس کی مد میں 12،110 روپے اور ایڈہاک ریلیف آل کی مد میں 10،728 روپے ملتے ہیں۔
کل ملا کر وزیر اعظم کو 201،574 روپے بنتی ہے جو ٹیکس کٹوتی کے بعد 196،979 روپے بنتی ہے۔
فکر کی بات یہ ہے کہ اگر وزیر اعظم پاکستان تقریباً دولاکھ تنخواہ کے باوجود گھر کے اخراجات پورے نہیں کر پارہے تو ملک میں موجود کروڑوں افراد اپنی قلیل آمدنی میں گھر کے معاملات کیسے چلاتے ہوں گے؟