ترک صدر طیب اردوان کا 13 اور 14 فروری کو دورہ پاکستان کا امکان

اپ ڈیٹ 29 جنوری 2020 09:04am

اسلام آباد:ترک صدر رجب طیب اردوان کا 13 اور 14 فروری کو دورہ پاکستان کا امکان  ہے،صدر مملکت، وزیراعظم سمیت پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

  ذرائع کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا ابتدائی شیڈول تیارکرلیا گیا، ترک صدر کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔

 دورے کے دوران ترک صدر، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے،صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان معزز مہمان کے اعزاز میں ضیافتوں کا اہتمام کریں گے۔

  ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس بھی ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ،دوطرفہ سطح پر متعدد معاہدے اور تعاون کی یاد داشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

 ذرائع کے مطابق دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت، دفاعی پیداوار،بینکنگ، مالیات سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

 ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان  اس سے قبل 3 بار معطل ہو چکا ہے۔

Read Comments