“مودی کا انتہاپسند نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سےشکست کھاچکا ہے”

اپ ڈیٹ 26 فروری 2020 10:17am

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے مودی کا انتہا پسند متعصبانہ نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سے شکست کھا چکا ہے،امریکی صدر ٹرمپ کا بیان پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش پر کاری ضرب ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کشمیریوں پر ظلم نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے،ٹرمپ کا یہ بیان ثبوت ہے کہ کشمیر ایک مسلمہ عالمی تنازعہ ہے،خون ناحق پر پوری دنیا کا آواز بلند کرنا خوش آئند ہے،عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کا جمہوری اور قانونی  حق دلوائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی کا انتہا پسند متعصبانہ نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سے شکست کھا چکا ہے،امریکی صدر ٹرمپ کا بیان پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش پر کاری ضرب ہے،مودی اسلحہ کے انبار اور بارود کے ڈھیر خرید کر بھی عمران خان کی کامیاب سفارتکاری کے سامنے بے بس دکھائی دے رہا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا مزید  کہنا تھا کہ ہندوستان "ہندتوستان"میں تبدیل ہوچکا ہے،صدر ٹرمپ کی موجودگی میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد اور قتل عام بھارتی قیادت کی فسطائی و مجرمانہ سوچ کو پوری دنیا پر عیاں کر رہا ہےجبکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا دنیا بھر میں پرامن اور رواداری پر مبنی معاشرے کا تاثر ابھررہا ہے۔

Read Comments