نوازشریف کی ضمانت میں توسیع : کابینہ اجلاس کے میٹنگ منٹس وفاق کو ارسال

شائع 26 فروری 2020 10:50am

لاہور:مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر پنجاب حکومت نے کابینہ اجلاس کے میٹنگ منٹس وفاق کو بھیج دیئے۔

حکومت پنجاب نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر وفاق کو کابینہ اجلاس کے میٹنگ منٹس بھیج دئیے ہیں،جس میں وفاق کو ہدایت کی گئی ہے کہ نواز شریف کی ضمانت کے معاملہ پر متعلقہ عدالت میں جایا جائے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطااللہ تارڑ کے مطابق انہیں تاحال حکومت پنجاب کا تحریری فیصلہ موصول نہیں ہوا،مسلم لیگ ن کی آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے قانونی مشاورت جاری ہے،حکومت پنجاب کا تحریری فیصلہ آنے پر مسلم لیگ ن اپنا آپشن استعمال کرے گی۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے  وکلا کو  معاملے کے قانونی حل کے لیے گرین سگنل بھی دے دیا ہے،جس کے تحت وکلا کا حتمی مشاورتی اجلاس بھی جلد منعقد ہوگا۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں  دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

Read Comments