وزیراعلیٰ سندھ کاکوروناوائرس متاثرین کیلئے اسپتال مختص کرنے کا اعلان

شائع 27 فروری 2020 07:54am

کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک اسپتال کورونا وائرس متاثرین کیلئےمختص کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ  نے کہا کہ گزشتہ 15 دنوں میں ایران سے آنے والے زائرین کا ڈیٹا لے لیا،زائرین کے فون نمبرز اور ایڈریسز حاصل بھی کرلیے،ایران سے آئے تمام افراد کو چیک کیا جائےگا،آبزرویشن میں رکھا جائے گا، کمشنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ماسک ذخیرہ کرنے والوں کی دکان اور گودام سیل کردیئے جائیں گے،ہرروز شام میں بریفنگ لوں گا ،عوامی جگہوں اوراسپتالوں میں سینی ٹائیذرلگائیں گے،ایک اسپتال کورونا وائرس کیلئے مختص کررہے ہیں ، عوام کی مدد کی ضرورت ہے، میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہی دیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ جنوری سے کورونا کا معاملہ چل رہا ہے،وفاق نے نہیں بلایا،کراچی ائیرپورٹ پرسب سے زیادہ فوکس کرنا چاہیئے تھا،وفاقی حکومت کو آن بورڈ لینا چاہیے تھا۔

Read Comments